غزہ 25/نومبر(ایس او نیوز): غزہ میں عارضی جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 24 اسرائیلی اور 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا، اب دوسرے مرحلے میں مزید قیدی رہا کئے جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق حماس کی جانب سے آج مزید اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کے دفترسے جاری بیان کے مطابق حماس کی جانب سے آج رہا کیے جانے والے اسرائیلوں کی فہرست کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کی فضائی حدود میں طیارے کی موجودگی کے شبے میں شمالی علاقے میں سائرن بجا دئیے گئے ہیں۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کا کہنا ہے کہ حماس 4 روز کی جنگ بندی میں یرغمالیوں کی رہائی اوردیگر نکات پر عمل کرے گا تاہم اس کا انحصار اسرائیل کی جانب سے بھی معاہدے پر مکمل عملدر آمد پر ہے۔حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان جنگ جمعہ کے روز صبح سویرے روک دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک 6 ہزار سے زائد بچوں سمیت 15 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔